مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چین کی وزارت خارجہ کے نائب وزیر نے چین میں ایرانی سفیر کے ساتھ ملاقات کی اور باہمی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مزید تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔
چینی اعلی سفارت کار دینگ لی نے محمد کشاورز زادہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایرانی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ ایران اور چین کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر جامع اور وسیع تجارتی تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ایران کے خطے کے ممالک سے تعلقات میں فعال کردار ادا کرے گا۔ دونوں ممالک خطے اور عالمی سطح پر سیکورٹی، امن کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں میں مشترکہ کام کریں گے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران نے عالمی اور دیگر مسائل پر ہمیشہ چین کے مفادات کا خیال رکھا ہے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور مشترکہ مفادات پر ایک دوسرے کے ساتھ مزید تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تہران سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں چین کے مثبت کردار کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ بھی چین خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔
آپ کا تبصرہ